ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہتر سفر کی سہولت فراہم کرنے بی ایم ٹی سی کی کوشش ڈرائیوروں کو خصوصی تربیت دینے کے لئے کارگاہ کا اہتمام

بہتر سفر کی سہولت فراہم کرنے بی ایم ٹی سی کی کوشش ڈرائیوروں کو خصوصی تربیت دینے کے لئے کارگاہ کا اہتمام

Tue, 19 Dec 2017 11:22:54    S.O. News Service

بنگلورو،18/دسمبر (ایس او نیوز)بنگلورو میٹرو پالیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( بی ایم ٹی سی ) نے اپنے ڈرائیوروں کو صحیح طریقے سے ڈرائیونگ کرنے کے لئے ہنرمندی اور مزاج میں نرمی لانے کے مقصد سے ایک روزہ تربیتی کارگاہ کا اہتمام کیا۔کتری گپے ڈپو سے قریب ایک کمیونٹی ہال میں منعقدہ کیمپ کا افتتاح بی ایم ٹی سی کے چیرمین ناگراج یادو نے کیا۔ اس یک روزہ کارگاہ سے 500سے 600 بی ایم ٹی سی ڈرائیورس نے استفادہ کیا۔ کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد ناگراج یادو نے اپنے خطاب میں کہاکہ بی ایم ٹی سی کی جانب سے شہر کے عوام کو شہر کے 40کلومیٹر کی حدود میں اور دیہی علاقوں کو بہتر سفر کرنے کی سہولت فراہم کررہا ہے۔ مسافروں کو صحیح سلامت ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایاجارہا ہے ۔ جس کے لئے بہترین بسوں کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ پاکی صفائی کابھی خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔مسٹر یادو نے بتایا کہ ہر سال بی ایم ٹی سی بسوں میں عمدہ سفر کی سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے کئی طرح کے ڈیزائن اور سہولیات سے آراستہ بسوں کومتعارف کرایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایم ٹی سی نے انسانی وسائل محکمہ کی جانب سے بدلتے حالات کے ساتھ ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے ڈرائیوروں کو بہترین طریقہ سے بسوں کو چلانے اور مسافروں کے ساتھ خوش اسلوبی کے ساتھ پیش آنے کے تعلق سے ڈرائیوروں کے علاوہ افسران کو بھی خصوصی تربیت دی جارہی ہے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ ڈرائیور ہی بی ایم ٹی سی کے بڑے عہدیدار ہیں ۔ وہ بی ایم ٹی سی اور مسافروں کے درمیان ایک طرح سے پل کی مانند ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرائیوروں کو اپنے ساتھی ملازمین اور مسافروں کے ساتھ بہتر طریقہ سے بات چیت کرنی ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر دن ڈرائیوروں کا سامنا ہزاروں مسافروں سے ہوتا ہے ۔ جس کی وجہ سے ڈرائیوروں کو بھی دباؤ میں کام کرنا پڑتا ہے ۔ان پر کام کا دباؤ کم کرنے کے مقصد سے شفٹوں میں کام کرنے کاموقع دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کارگاہ میں ہنرمندی اور نجی شخصیت میں تبدیلی لانے، ہر ایک مسافر کے ساتھ بہتر سلوک سے پیش آنے، کام کا دباؤ کم کرنے ، ڈرائیوروں کی صحت بنائے رکھنے، مسافروں کو بہترین سہولیات سے آراستہ، اعلیٰ معیاری ٹرانسپورٹ کی سہولت، دوستانہ ماحول میں مختلف اسکیموں کے ذریعہ مسافروں کو بی ایم ٹی سی کی جانب سے راغب کرنے کے لئے منصوبہ بندی تیار کرنے، ٹرانسپورٹ کی سہولت میں سدھار لانے کے لئے جدوجہد ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے اور مسافروں کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کے تعلق سے ڈرائیوروں کو تربیت دی گئی۔بتایاگیا کہ گزشتہ ماہ نومبر میں بھی نیشنل بورڈ فار ورکرس ایجوکیشن اینڈڈیولپمنٹ، میکس بریٹ انسٹی ٹیوٹ آف ٹریننگ سنٹر اور ہیومن ریسورس افسروں سے 300ڈرائیوروں کو تربیت دی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایم ٹی سی ڈرائیورس سمیت جملہ 27ہزار ملازمین اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ۔ہر ماہ 600 سے 800 ملازمین کو تربیت دی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تربیت تمام ڈپوؤں اور یونٹوں میں بھی شروع کی جائے گی۔ بنگلور نارتھ کے وڈرہلی میں 22؍ایکڑ علاقہ میں تربیتی مرکز شروع کیا جارہا ہے ۔وہاں ہر دن تربیت دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ اب تک 7837 ملازمین کو تربیت دی گئی ہے ۔ اس موقع پر بی ایم ٹی سی کے نائب چیرمین گوندراج، بی ایم ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر پنوراج، ویجلنس اسکواڈ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر اے این پرکاش گوڈا، کرناٹک پرنسپلس اسوسی ایشن کے صدر ماینا، بنشنکری پولیس تھانے کے انسپکٹر جناردھن اور بی ایم ٹی سی کے ڈائرکٹرس موجود تھے۔


Share: